جموں: بی جے پی کے سینئر لیڈر و نگروٹا کے رکن اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کا جمعرات کی شام انتقال ہوگیا۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے رکن رانا نے کل دہلی کے ایک نجی اسپتال میں آخری سانس لی، وہ 59 برس کے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں تقریباً ایک ہفتہ قبل دہلی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا، حال ہی میں منعقدہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، انہیں نگروٹا اسمبلی حلقہ سے منتخب کیا گیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔
جمکیش وہیکلیڈس پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی رانا کو جموں ڈویژن کے تمام بی جے پی امیدواروں میں سب سے امیر سمجھا جاتا تھا۔ بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے وہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (JKNC) سے وابستہ تھے۔ جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے دیویندر سنگھ رانا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ ''مجھے دیویندر سنگھ رانا کے بے وقت انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے۔ ان کے انتقال سے ہم ایک محب وطن اور ایک بڑے رہنما سے محروم ہو گئے ہیں جو جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم تھے‘‘۔
جموں و کشمیر کے سینئر سیاستدان کے انتقال پر سیاسی پارٹیوں اور رہنماؤں نے غم کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر سریندر چودھری نے بی جے پی لیڈر کے اچانک انتقال پر صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔