نئی دہلی: جموں و کشمیر کے بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے نیشنل کانفرنس اور عمر عبداللہ پر سخت تبصرہ کیا ہے۔ رانا نے کہا کہ 2014 میں عمر عبداللہ نے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔
رانا نے کہا کہ عمر عبداللہ نے حکومت سازی کے سلسلے میں رام مادھو سے بھی ملاقات کی تھی۔ جب رانا سے پوچھا گیا کہ عبداللہ نے اس کی تردید کی ہے، کیا آپ جھوٹ بول رہے ہیں؟ اس کے جواب میں رانا نے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے اور میں پھر سے کہنا چاہتا ہوں کہ نہ پہلے جھوٹ بولتا تھا اور نہ اب جھوٹ بول رہا ہوں۔
دیویندر رانا نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کو سچ معلوم ہے اور سچ یہ ہے کہ وہ امت شاہ اور رام مادھو دونوں سے ملے تھے اور وہ حکومت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ رانا نے کہا کہ عمر عبداللہ ان کے بارے میں کیا تبصرہ کرتے ہیں اس پر وہ کچھ نہیں کہیں گے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جو میں نے کہا ہے وہ سچ ہے، اور اگر عمر عبداللہ کو لگتا ہے کہ یہ سب جھوٹ ہے، تو وہ پہلے اس کی تردید کریں، ایک بار جب وہ تردید کر دیں، تو میں مکمل حقائق کے ساتھ ان کا جواب دوں گا۔