سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کشمیر یونٹ نے پارٹی کے کارکنان کو آج ایک تقریب میں دلی مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر ریلی کو کامیاب بنایا۔ اس حوالے سے بی جے پی کے جنرل سکریٹری آرگنائزیشن اشوک کول کی قیادت میں سرینگر کے پارٹی ہیڈکوارٹر میں بی جے پی کشمیر یونٹ کو خراج تحسین اور اعزاز دینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اشوک کول نے کارکنوں کی لگن، عزم اور انتھک کوششوں کے لئے اپنی گہری تعریف کا اظہار کیا، جنہوں نے وزیر اعظم کے پروگرام کو بغیر کسی رکاوٹ کے منظم کرنے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 7 مارچ کو کشمیر کا دورہ کیا تھا، دورے کے دوران موصوف نے سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مودی کا یہ کشمیر کا پہلا دورہ تھا۔