بڈگام (جموں کشمیر ) :وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے سوگن (کھاگ) علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ریچھ نے ایک شخص کی اس وقت چیر پھاڑ کر ڈالی جب وہ مویشی چرا رہا تھا۔ ریچھ کے حملے میں فوت ہوئے شخص کی شناخت 45 سالہ غلام احمد لون کے طور پر ہوئی ہے جو سوگن یاری نار، کھاگ کا رہائشی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ریچھ قریبی جنگل سے اچانک نمودار ہوا اور اس نے غلام احمد پر اچانک اور پلک جھپکتے ہی اس وقت حملہ کر کے اسے ابدی نیند سلا دیا۔ لوگوں نے بتایا کہ ریچھ کے حملے کے فوراً بعد زخمی ہوئے شخص کو بچانے کی کوششیں کی گئیں تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ’’ریچھ بہت جارحانہ انداز میں نمودار ہوا اور سیکنڈوں میں اس پر دھاوا بولا اور غلام احمد کو شدید زخمی ہو گیا۔ غلام احمد خون میں لت پت جلد ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ریچھ کا حملہ اتنا خوفناک تھا کہ کوئی بھی اس کے قریب نہ جاسکا۔‘‘