پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھی اسمبلی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے مسلسل زمینی تیاریاں جاری ہیں اور ڈپٹی کمشنر پلوامہ، جو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھی ہے، کی نگرانی میں ضلع کے سبھی علاقوں میں انتخابی فہرستوں کی اسپیشل سمری رویژن انجام دی جا رہی ہے۔ اس اسپیشل سمری رویژن کے تحت طلبہ یا وہ نوجوان کو حال ہی میں 18سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں، اپنا نام سال 2024 کے لیے انتخابی فہرست میں شامل کرا سکتے ہیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے دیے گئے کارڈوں میں ولدیت/سکونت کے ساتھ ساتھ دیگر غلطیوں کو بھی درست کرا سکتے ہیں اور اس اسپیشل سمری رویژن کی آخری تاریخ 9 اگست مقرر کی گئی ہے۔
پروگرام کا انعقاد بی ڈی او شادی مرگ نے ای سی آئی کی ہدایت پر ہائر سیکنڈری اسکول دربگام میں کیا تھا۔ اس بیداری پروگرام کے دوران بی ڈی او شادی مرگ کے ساتھ بی ایل اوز، وی ایل ڈبلیوز اور دیگر متعلقہ محکمہ موجود تھے۔ بی ڈی او شادی مرگ، توقیر احمد، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل نوجوانوں کو ووٹر لسٹ میں رجسٹر کرنے کے لیے محکمہ پوری طرح سے تیار ہے جس کے لیے دفتر بلاک شادی مرگ میں گھر گھر بیداری کر رہا ہے۔