ترال: عوامی اتحاد پارٹی کی جانب سے آج ترال میں نامزد امیدوار ڈاکٹر ہربخش سنگھ کے لیے اونتی پورہ سے ستورہ ترال تک ایک میگا روڈ شو کا اہتمام کیا جس کی قیادت پارٹی کے محبوس لیڈر انجینئر رشید کے فرزند ابرار رشید کر رہے تھے۔
اس روڈ شو میں ڈاکٹر ہربخش سنگھ اور جی این شاہین کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے حصہ لیا۔ ریلی میں شامل نوجوان عوامی اتحاد پارٹی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے جب کہ جگہ جگہ پارٹیوں کے حامی روڈ شو میں شامل ہونے اور اسے دیکھنے کے لیے منتظر تھے۔
ابرار رشید نے متعدد مقامات پر عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ روایتی سیاسی جماعتوں کے ظلم کے خلاف اس بار عوامی اتحاد پارٹی کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے جگہ جگہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس، کانگریس یا پی ڈی پی کے فریب میں نہ آئیں، کیوں کہ یہ جماعتیں بالواسطہ یا بلا واسطہ کشمیر کی تباہی کے لیے زمہ دار ہیں۔ اس ضمن میں عوام کو جمہوری طریقے سے ان طاقتوں کے خلاف جد و جہد کرنا چاہیے تاکہ عوام کو ایسے نمائندے ملیں جو عوام کی ترجمانی کر سکیں۔