سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو کشمیر ڈویژن کے چار اضلاع کے لئے درمیانے درجے کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کی۔ اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور گاندربل کے اضلاع میں 2400 میٹر سے اوپر کے علاقوں میں برفانی تودے کے ممکنہ خطرے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
"بڑھتے ہوئے خطرے کے ساتھ، ان علاقوں کے مکینوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور اگلے اطلاع تک برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اتھارٹی نے کہا کہ کسی بھی مدد کے لئے ہنگامی رابطہ نمبر 112 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
وہیں موسمیاتی مرکز سرینگر کی رپورٹ کے مطابق، یہ وارننگ پورے خطے میں رات بھر ہونے والی بارشوں کے درمیان آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق سرینگر میں جمعہ کی صبح ساڑے آٹھ بجے تک 25.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 13.0 ملی میٹر، کوکرناگ میں11.0 ملی میٹر اور کپوارہ میں 8.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں اس دوران بالترتیب 17.6 اور 17.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔