سری نگر (ذوالقرنین زلفی): کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا پانچواں ایڈیشن 22 سے 25 فروری تک جموں و کشمیر کے گلمرگ میں منعقد ہوگا جب کہ برف میں کھیلے جانے والے مقابلے 23 سے 27 جنوری تک لداخ میں ہوں گے۔ حکام کے مطابق گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔
سرمائی کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کیے گئے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں میں الپائن اسکیئنگ، نورڈک اسکیئنگ، اسنو بورڈنگ اور اسکی کوہ پیمائی کے مقابلے ہوں گے، جس میں ہندوستان بھر کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ جموں و کشمیر ونٹر گیمز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری فرحت نائک نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ، گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی گلمرگ میں ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ، کھلاڑی اس وقت ڈھلوان پر پریکٹس کر رہے ہیں اور گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سکی گشتی ٹیم بھی ڈھلوانوں پر انتھک کام کر رہی ہے اور برفانی تودے کے شکار علاقوں میں خطرات کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
گیمز کے چوتھے ایڈیشن میں 1,200 سے زیادہ شرکاء نے حصہ لیا، جن میں 700 سے زیادہ کھلاڑی، 141 معاون عملہ، 113 تکنیکی حکام اور 250 سے زیادہ رضاکاروں نے کل 136 تمغوں کے لیے مقابلہ کیا۔ فوج کے جوان 10 گولڈ، 5 سلور اور 6 برانز میڈلز کے ساتھ میڈل ٹیلی میں سرفہرست رہے۔ کرناٹک نو طلائی اور دو چاندی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ لداخ نے 2 سونے، 6 چاندی اور 7 کانسے کے تمغوں کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی جبکہ میزبان جموں و کشمیر نے ایک گولڈ، 6 سلور اور 4 کانسے کے تمغوں کے ساتھ نویں پوزیشن حاصل کی۔
تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، گزشتہ ایڈیشن میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی مریم فاروق نے کہا کہ، اس سال میرا ہدف گولڈ میڈل سے کم نہیں ہے، اور اسی لیے میں بہت محنت کر رہی ہوں۔ اس بار گلمرگ میں کم برف پڑی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ڈھلوانیں اب بھی اچھی نہیں ہیں، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اور ہمیں امید ہے کہ مقابلوں کے دوران اچھی برف باری ہوگی۔