مالیگاؤں (مہاراشٹر): مالیگاؤں کے سابق رکن پارلیمنٹ آصف شیخ نے ہائی کورٹ و سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ گستاخِ رسول گری راج مہاراج اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے نتیش رانے کے خلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے ملک کا ماحول خراب ہو رہا ہے۔
آصف شیخ نے مہاراشٹر کی ریاستی حکومت پر زور دیا کہ مسلمانوں اور مساجد پر نازیبا جملہ کسنے اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔ اسی طرح حضور اکرم صل اللہ علیہ وسلم کی شان میں مبینہ طور پر گستاخی کرنے والے گری راج مہاراج کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک اور ریاست میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھا جائے۔ قانون نے ہر شہری کو مذہبی آزادی دی ہے اس لئے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے گری راج مہاراج اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے نتیش رانے کیخلاف حکومت کارروائی کرے۔ اور انہیں گرفتار کرتے ہوئے سزا دی جائے۔