سری نگر: فوج نے کہا کہ انہوں نے سرحدی کپواڑہ میں منشیات کی کھیپ کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ آرمی 15 کارپس نے بتایا کہ منگل کو دور افتادہ تنگدھر امروہی کے گاؤں میں تقریباً چار کلو گرام منشیات، چار پستول، میگزین سمیت دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کیے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ آرمی 15 کارپس کو چنار کارپس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ فوج کی یہی کارپس وادی اور لائن آف کنٹرول کی حفاظت کے لیے ذمہ دار ہے۔
فوج کی جانب سے جاری ہوئے ایک بیان میں جانکاری دی گئی کہ جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی طرف سے چلائی گئی مشترکہ تلاشی مہم کے دوران گولہ بارود کے ساتھ منشیات برآمد کی گئی۔ یہ سرچ آپریشن ایک مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر چلایا گیا۔ فوج نے اپنے بیان میں چنار کارپس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ "چنار کورپس کشمیر کو عسکریت پسندی سے پاک رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔"