شوپیان:لوک سبھا انتخابات جتنے قریب آرہے ہیں وہیں ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی سبھی سیاسی جماعتیں وٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے اور الیکشن میں جیت کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کررہی ہیں۔ شوپیان ضلع میں بھی آئے روز کسی نہ کسی سیاسی جماعت کے جلسے منعقد ہورہے ہیں۔ سیاسی سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں آج اپنی پارٹی کی جانب سے ایک پارٹی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں جموں وکشمیر اپنی پارٹی نائب صدر اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ سے اُمیدوار ظفر اقبال منہاس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ ہمارا مشن صداقت پر مبنی حقیقت پسندانہ سیاست کرنا ہے، جو کہیں گے اُس پر صد فیصد کھرا بھی اُتریں گے۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ جموں وکشمیر خاص کر وادی 1947 سے ہی حقیقی جمہوریت سے محروم رہی ہے۔ وہ لوگ جو جمہوریت اور آزادی کا جھنڈا اٹھا کر میدان میں آئے، اقتدار ملتے ہی انہوں نے تانا شاہی کا جامہ پہن لیا اور ہزاروں لوگوں کو یا تو جیلوں میں ٹھوس دیا یا انہیں تڑی پار کرکے جلاوطنی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کردیا۔ یہاں پر بھی اپنے سیاسی مخالفین کو انتخابات میں حصہ لینے نہیں دیا اور سو فیصد سیٹوں پر اپنی کامیابی کا ڈھونگ رچا۔
جمہوریت کے قتل اور انسانی حقوق کی پامالی کا یہ سلسلہ تب سے مسلسل چلا آرہا ہے، وقفے وقفے سے چند خاندانوں کے زیر سایہ ایک مخصوص گروہ عوام کی گردنوں پر سوار ہے اور جب ان میں سے کوئی گروہ اقتدار سے باہر ہو جاتا ہے، تو انہیں ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آنے لگتا ہے۔ لیکن کرسی ملتے ہی سب ٹھیک ٹھاک ہو جاتا ہے۔