اننت ناگ (جموں کشمیر) :امرناتھ یاترا 2024 پانچویں روز بھی جاری رہی جس میں 5725 یاتری جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے کشمیر کی جانب روانہ ہوئے۔ یہ یاتری جنوبی کشمیر کے نونہ ون، پہلگام اور وسطی کشمیر کے بال تل سونہ مرگ بیس کیمپس سے پوتر گپھا میں شیو لنگم کے درشن کریں گے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ 5725 یاتریوں کا چھٹا دستہ امرناتھ گپھا کے درشن کے لیے بدھ کی صبح 238 گاڑیوں میں وادی کشمیر پہلگام اور سونہ مرگ روانہ ہوئے۔
جموں سے کشمیر کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں میں 4481 مرد، 1034 خواتین، 25 بچے، 173 سادھو اور 12 سادھوی شامل تھے۔ ان یاتریوں کو پہلگام میں نونہ ون اور سونہ مرگ کے بالتال بیس کیمپوں تک پہنچایا جا رہا ہے جہاں سے وہ پہاڑی راستے سے پوتر گپھا پہنچیں گے۔ حکام نے بتایا کہ زیادہ تر یاتری بال تل کے راستے گپھا کا دورہ کرنا پسند کرتے ہیں جو پہلگام کے چندن واڑی کے مقابلے میں چھوٹا اور کم مسافت والا راستہ ہے۔
جموں سے وادی کشمیر تک یاتریوں کو لے جانے والی گاڑیوں کو سرینگر جموں شاہراہ کے ذریعے لایا جاتا ہے جن کی حفاظت پر نیم فوجی اور جموں و کشمیر پولیس کے دسرے جگہ جگہ تعینات رہتے ہیں۔