سرینگر:جموں کشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے علاوہ جموں کشمیر اپنی پارٹیJKAP اور ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی DPAP کے الائنس کے خلاف بھی مقابلہ ہونے جا رہا ہے، کیونکہ یہ دونوں جماعتیں پارلیمانی انتخابات میں الائنس کرنے جا رہی ہیں۔
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ذرائع نے ای ٹی وی بھارت بتایا کہ اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری اور ڈی پی اے پی کے صدر غلام نبی آزاد آپس میں الائنس کرنے پر گفتگو کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں دونوں لیڈران اس بات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے متعلق ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم قوی امکان ہے کہ بارہمولہ - کپوارہ سے عثمان مجید الائنس کے امیدوار ہوں گے جبکہ سرینگر سے اشرف میر الائنس کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ - راجوری سے غلام نبی آزاد الائنس کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔