اننت ناگ: جنوبی کشمیر میں ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام انتظامات مکمل کردیے گئے ہیں۔ کل یعنی 8 اکتوبر کو جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی کا عمل ہوگا، جس کے لئے انتظامیہ کی جانب سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ووٹ شماری کے شفافانہ اور پر امن انعقاد کے لئے پورے جنوبی کشمیر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کاؤنٹنگ مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 کو نافذ کیا گیا ہے، جبکہ حساس مقامات پر سکیورٹی کو چوکس کیا گیا ہے۔ دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے 16 اسمبلی حلقوں کے لئے ووٹ شماری کل صبح سات بجے سے شروع ہوگی، تمام اضلاع میں چار مرکزی کاؤنٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ان مراکز میں بالترتیب 16 اسمبلی حلقوں کے لئے 16 کاؤنٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔
جنوبی کشمیر میں جن اسمبلی حلقوں کے ووٹ گنے جائیں گے ان میں پامپور، ترال، پلوامہ، راج پورہ، زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ 44 سری گفوارہ-بجبہاڑہ، شانگس-اننت ناگ ایسٹ شامل ہیں۔ جنوبی کشمیر کے 16 اسمبلی حلقوں میں 155 امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع اننت ناگ میں 64، پلوامہ ضلع میں 45، ضلع کولگام میں 25 اور شوپیاں ضلع میں 21 امیدواروں کی قمست ای وی ایم مشینز میں قید ہے۔ پلوامہ ضلع کے پامپور حلقہ میں 14 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ ترال سیٹ پر 9 امیدوار، پلوامہ سیٹ پر 12 امیدوار اور راج پورہ سیٹ پر 10 امیدوار میدان میں ہیں۔ شوپیان ضلع میں، زینہ پورہ حلقہ میں انتخابات کے لیے 10 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں اور شوپیان سیٹ پر 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔