سرینگر (جموں و کشمیر):بھارت میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اور کم کرایہ والی ایئر لائنز - اکاسا ایئر - نے اپنی گھریلو موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرینگر (جموں کشمیر کی گرمائی دارالحکومت) کو اپنی 20 ویں منزلDestination کے طور پر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یکم مارچ 2024 سے شروع ہونے والی یہ ایئر لائنز مالیاتی دارالحکومت ممبئی کو ’’جنت بے نظیر‘‘ کہلانے والی وادی کشمیر سے جوڑے گی۔ اس اقدام کا مقصد ان دونوں شہروں کے درمیان بڑھتی فضائی سفر کی طلب کو پورا کرنا ہے۔
ائر لائنز کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ’’مسافر ’اکاسا ایئر‘ کی آفیشل ویب سائٹ، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپ، یا مختلف معروف آن لائن ٹریول ایجنسیز (OTA) کے ذریعے اپنی پروازیں بک کروا سکتے ہیں۔ روزانہ کی پروازوں سے کاروباری اور تفریحی مسافروں، دونوں کی ایک متنوع رینج کو پورا کرنے کی توقع ہے۔‘‘
دلکش اور فلک بوس پہاڑوں، چراگاہوں، ندی نالوں، سبزہ زاروں اور آبشاروں کے لیے مشہور وادی کشمیر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ہوائی سفر کی طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اکاسا ایئر کی اس علاقے میں آمد سے رابطے میں اضافہ، تجارت میں فروغ اور سیاحت کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ سرینگر میں راست پروازوں کی توسیع کے ساتھ ہی اکاسا ایئر لائنز ممبئی کو پورے ہندوستان کے 13 شہروں سے بغیر کسی رکاوٹ کے جوڑے گی۔
اکاسا ایئر کے شریک بانی اور چیف کمرشل آفیسر، پرشانت آیّر نے اس اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ ہماری 20 ویں منزل، سرینگر، نے اندرون ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کی سیاحت میں اضافہ دیکھا ہے۔ ہماری پرواز کے آغاز کے ساتھ ہی اس علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ اکاسا ایئر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آپریشن کے صرف 17 مہینوں میں اپنے نیٹ ورک میں 20 منزلیں شامل کرکے ایک سنگ میل عبور کر چکا ہے، جو ہندوستانی فضائی شعبے کی تاریخ میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ایئر لائن بن گئی ہے۔‘‘ شریک بانی اور چیف مارکیٹنگ اینڈ ایکسپیریئنس آفیسر، بیلسن کؤٹینہو نے مزید کہا: ’’ہم سیاحتی اور تجارتی لحاظ سے اہم تصور کیے جانے والے شہر سرینگر میں اکاسا کو متعارف کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘‘
اکاسا ایئر نے آرام دہ پرواز کا تجربہ یقینی بنانے کے لیے متعدد اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور الگ الگ خدمات متعارف کرائی ہیں۔ نئے طیارے زیادہ تر مسافروں کو چلنے کی جگہ، بہتر آرام اور USB پورٹس کی خدمات فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے ڈیجیٹل آلات کو سفر کے دوران چارج کر سکیں۔ ان بورڈ کھانے کی خدمت، کیفی اکاسا، صحت مند اور مزیدار کھانوں کی ایک وسیع رینج کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:Srinagar airport 3rd highest profit making : سرینگر ائرپورٹ جموں اور لداخ سے کئی گنا منافع بخش، اے اے آئی
سفر کو مزید متنوع کرنے اپنی کوشش میں اکاسا ایئر نے بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل میں حفاظتی ہدایات اور آن بورڈ مینو کارڈز متعارف کرائے ہیں۔ اگست 2022 میں اپنے آغاز کے بعد سے اکاسا ایئر نے 6.3 ملین سے زیادہ مسافروں کی خدمت کی ہے اور ہندوستان بھر کے 20 شہروں سے رابطہ قائم کیا ہے۔ ممبئی سرینگر روٹ کے فلائٹ شیڈول میں روزانہ نان اسٹاپ پروازیں شامل ہیں، جس میں کیو پی 1637 ممبئی سے 10:40 پر روانہ ہوگی اور 13:20 پر سرینگر پہنچے گی اور کیو پی 1638 سرینگر سے 13:55 پر روانہ ہوگی اور پانچ بجے ممبئی پہنچے گی۔ اکاسا ایئر نے 226 بوئنگ 737 ایم اے ایکس ہوائی جہازوں کا اور آرڈر دیا ہے۔