اونتی پورہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں اونتی پورہ پولیس کی جانب سے منگل کی صبح عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے لیڈر کے گھر سمیت دو مختلف مقامات پر چھاپہ مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اونتی پورہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے خانقاہ، ترال کے رہنے والے ایڈوکیٹ غلام نبی شاہین، جو کہ انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں، کے گھر پر چھاپہ ڈالا اور وہاں املاک کی تلاشی لی اور مکینوں کی جامہ تلاشی کی گئی۔ ایڈوکیٹ شاہین تاہم گھر پر موجود نہیں تھے۔
جموں و کشمیر لداخ ہائی کورٹ کے نامی وکیلوں میں شمار ہونیوالے غلام نبی شاہین ماضی میں علیحدگی پسند اتحاد کل جماعتی حریت کانفرنس کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ وہ کئی برس تک مسلم کانفرنس کے جنرل سیکرٹری تھے اور بعد میں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے متعدد بار جنرل سیکرٹری رہے ہیں۔ انہون نے بار کے صدر کے عہدے کیلئے بھی انتخاب لڑا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس نے شاہین کی غیر حاضری میں ہی گھر کی تلاشی لی۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں اونتی پورہ پولیس نے جہانگیر احمد آہنگر نامی ایک شہری، جو ترال کے ڈاڈسرہ علاقے کا رہنا والا ہے، کے گھر پر بھی چھاپہ ماری کی ہے اور اہل خانہ سے پوچھ تاچھ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں مقامات پر تلاشی ایک ایف آئی آر زیر نمبر 03/2024 کے سلسلے میں کی گئی ہے۔