سرینگر (جموں کشمیر) : قانون ساز اسمبلی میں جموں کشمیر کو خصوصی حیثیت کی بحالی کے حق میں آج قرارداد پیش کی گئی، جس کی نیشنل کانفرنس کے اراکین، پی ڈی پی ایم ایل ایز سمیت آزاد امیدواروں نے بھی حمایت کی۔ وہیں کانگریس پارٹی نے بھی رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف لوگ مجموعی طور ناراض ہیں۔‘‘ کانگریس کے رکن اسمبلی غلام احمد میر نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی نے 5 اگست 2019 کو سی ڈبلیو سی میں منظور کی گئی ایک قرارداد کے ذریعے لوگوں کی ناراضگی کی تائید کی ہے۔‘‘ ادھر، جموں کشمیر کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے بھی پریس بیان جاری کرتے ہوئے اس قرارداد کے حق میں اپنی حمایت کا اعلان کیا۔
غلام احمد میر نے سابق جموں و کشمیر ریاست کو مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کی جانب سے دو حصوں میں تقسیم کئے جانے کےاقدام کو ’’غیر جمہوری اور غیر آئینی‘‘ قرار دیا۔ میر نے کہا کہ ’’اسمبلی انتخابات کے دوران یہ صاف ظاہر ہوا کہ لوگ جموں کشمیر کی تنظیم نو ایکٹ کی شدید مخالفت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی عزت و وقار کو بھی بحال ہو جائے۔‘‘