پلوامہ( جموں و کشمیر): ضلع پلوامہ کے ٹنگمرگ ابہما علاقہ کے رہنے والے بشیر احمد نائیکو کا دو منزلہ مکان کل شام آگ لگنے کے واقعہ میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اس آتش زدگی کی وجہ سے بشیر احمد صدمے میں ہیں۔ حالانکہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے مگر لاکھوں کی ملکیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ضلع انتظامیہ، پولیس اور مقامی لوگوں کی بھرپور کوششوں کے بعد آگ پر قابو تو پالیا گیا ہے مگرجیسا کہ بتایا گیا ہے کہ اس میں لاکھوں روپئے کی مالیت کا سامان جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
اس سلسلے میں خورشید احمد نے الزام لگایا کہ علاقے میں سڑک رابطے کی عدم دستیابی کی وجہ سے رہائشی مکان کو آگ لگنے سے مکمل نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ گزشتہ کئی سالوں سے سڑک کے مناسب رابطے سے محروم ہے اور یہاں تک پہنچنے کے لیے مکینوں کو کئی کلو میٹر کا پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔