بانڈی پورہ:شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جمعرات کو اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک نوجوان دریائے جہلم غرقاب ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ ضلع کے حاجن علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک 19سالہ نوجوان دریا جہلم میں نہانے کے دوران اچانک غرقاب ہو گیا۔ غرقاب ہوئے نوجوان کی شناخت میر محلہ، حاجن کے رہنے والے ندیم احمد ولد ظہور احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
ندیم احمد کے غرقاب ہونے کی خبر علاقے میں عام ہوتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ مقامی باشندے جہلم کے کنارے جمع ہوئے اور ندیم کی لاش کو بازیاب کرنے کی کوششیں شروع کیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ 19سالہ ندیم جہلم کے کنارے نہا رہا تھا اور اچانک پانی کا تیز بہاؤ اسے اپنے ساتھ لے ڈوبا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تاہم آخری اطلاعات ملنے تک سرچ ٹیم کو کوئی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے۔