اقوام متحدہ:عالمی رہنماؤں نے رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر غزہ میں 'بندوقوں کو خاموش' کرنے اور امن کی بحالی کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ڈان اخبار کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے رمضان پیغام میں غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا وعدہ کیا اور چھ ہفتے کی فوری جنگ بندی کے لیے انتھک محنت کرنے کا وعدہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے غزہ میں امن کی اپیل کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بندوقیں نیچے رکھ کر رمضان کے جذبے کا احترام کریں۔انہوں نے انسانی امداد کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "آج میری سب سے مضبوط اپیل ہے کہ زندگی بچانے والی امداد کی فراہمی کو مطلوبہ رفتار اور پیمانے پر یقینی بنانے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔"
ہمدردی کے جذبے میں گوٹیرس نے 'تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی' کی اپیل کی اور صورتحال کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اعلان کیاکہ "دنیا کی آنکھیں دیکھ رہی ہیں۔ تاریخ کی آنکھیں دیکھ رہی ہیں۔ ہم کہیں اور نہیں دیکھ سکتے۔"
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ میں سنگین انسانی بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیرمعمولی طور پر شہریوں کی ہلاکتوں اور تباہی کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے امداد کی سست اور ناکافی ترسیل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ "غزہ میں فلسطینیوں کے لیے جان بچانے والی امداد کم مقدار میں پہنچ رہی ہے۔"