جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ اس نے گزشتہ دو دنوں میں جنوبی غزہ کے نصر اسپتال سے دو بچوں سمیت 32 سنگین مریضوں کو منتقل کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ترجمان طارق جسر نے منگل کے روز جنیوا میں ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ تقریباً 130 بیمار اور زخمی مریض اور کم از کم 15 ہیلتھ ورکرز اسپتال کے اندر ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے ان کی حفاظت اور بہبود پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بیماروں اور زخمیوں کی زندگی بچانے والی طبی نگہداشت میں رکاوٹ مزید اموات کا باعث بنے گی۔
اقوام متحدہ کے صحت کے ادارے نے کہا کہ خان یونس میں واقع نصر اسپتال پر 14 فروری کو اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد کام بند ہوگیا تھا۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ، نصر اسپتال میں بجلی اور پانی نہیں ہے اور طبی فضلہ اور کوڑا کرکٹ بیماریوں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں۔ وہاں کی صورتحال کو دل دہلا دینے والی قرار دیتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے اہلکار کرس بلیک نے کہا کہ اسپتال جلی ہوئی اور تباہ شدہ عمارتوں میں گھرا ہوا ہے اور وہاں ملبے کی بھاری تہہ جمی ہوئی ہے، جس میں کوئی سڑک محفوظ نہیں ہے۔