واشنگٹن:امریکی صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد کملا ہیرس نے واشنگٹن ڈی سی میں ہاورڈ یونیورسٹی میں اپنے حامیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں شکست تسلیم کرتے ہوئے حامیوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت قبول کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ "میں جانتی ہوں کہ لوگ ابھی جذبات سے مغلوب ہیں۔ میں سمجھ سکتی ہوں، لیکن ہمیں اس الیکشن کے نتائج کا احترام کرنا چاہیے۔" ہیرس نے کہا کہ "انتخابات کا نتیجہ وہ نہیں جو ہم چاہتے تھے، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی ہونی چاہیے۔'
اس موقعے پر انہوں نے اپنے رننگ میٹ، مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز، انتخابی مہم کے عملے، حامیوں، انتخابی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ ہیرس اپنے حامیوں سے کہا کہ مایوس نہ ہوں اور وہ اپنے نظریات کے لیے "کبھی ہار نہ مانیں۔" انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ اب بھی ان مسائل کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گی جن پر انہوں نے مہم چلائی تھی۔
ہیرس نے ٹرمپ کو فون پر مبارکباد دی
امریکی صدارتی انتخابات شکست کے بعد نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے انہیں مبارکباد پیش کی۔ امریکی ادارے سی بی ایس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فون کال کے دوران ہیریس نے حکومت کی پرامن منتقلی کی بات کہی اور ٹرمپ کو سبھی امریکی عوام کے لیے صدر بننے پر بھی زور دیا۔ ہیرس نے ٹرمپ کو بتایا کہ "وہ صدر بائیڈن کے ساتھ اقتدار کی پرامن منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گی۔" وہیں ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران ہیرس کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور استقامت کی تعریف کی۔