کیف، یوکرین:روس۔یوکرین جنگ میں اضافے کے خدشات کے درمیان، امریکہ کو 20 نومبر کو ممکنہ بڑے پیمانے پر فضائی حملے کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی ہے۔ جس کے بعد امریکہ نے کیف میں اپنا سفارت خانہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کیف میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ، اسے بدھ کو ممکنہ طور پر روسی فضائی حملے کی وارننگ موصول ہوئی ہے اور احتیاط کے طور پر اسے بند کر دیا جائے گا۔۔" سفارت خانے نے یوکرین میں امریکی شہریوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ فضائی حملے کی وارننگ کے لیے تیار رہیں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایک بیان میں، سفارت خانے نے ملازمین کو پناہ دینے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ کیف میں امریکی شہریوں کو ہوائی انتباہ کی صورت میں فوری طور پر پناہ دینے کے لیے تیار رہیں۔
یوکرین میں روسی فضائی حملے روزانہ کی بات ہے لیکن یوکرین کے زریعہ امریکی ساختہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے استعمال کے بعد امریکہ الرٹ ہو گیا ہے۔ واضح رہے یوکرین نے امریکی ساختی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے روس کے برائنسک علاقے میں ہتھیاروں کے گودام کو نشانہ بنایا ہے۔ یوکرین نے امریکی صدر جو بائیڈن کی اجازت ملنے کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔