واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔ جنگ بندی کے لیے مذاکرات کے دور کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے مقرر کردہ ایلچی کو مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ کیا ہے تاکہ وہ اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع کر سکیں۔
نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی نے حال ہی میں غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے معاہدے پر اعلیٰ سطحی بات چیت کے لیے اسرائیل اور قطر کا دورہ کیا ہے۔ جمعرات کو ایک امریکی اہلکار نے اس بات کی جانکاری دی۔
ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے سٹیو وٹکوف کو اپنے خصوصی ایلچی کے طور پر نامزد کیا ہے۔ کوف نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو اور قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ وٹکوف نے بائیڈن کی خارجہ پالیسی ٹیم کے ساتھ رابطہ بنایا ہوا ہے کیونکہ آنے والے ٹرمپ اور سبکدوش ہونے والی بائیڈن انتظامیہ نے غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اہلکار نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ جنگ کو ختم کرنے کے لیے جنگ بندی کے مذاکرات میں حالیہ پیش رفت ہوئی ہے۔