اردو

urdu

ETV Bharat / international

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جان لیوا حملہ کرنے والے کی شناخت ہوگئی - Trump rally shooting

امریکی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے پنسلوانیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے کی شناخت کردی ہے۔ حملہ آور پنسلوانیا کا ہی 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس نامی شخص ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص رجسٹرڈ ریپبلکن پارٹی کا ہی تھا۔

Trump rally shooting: Attacker Identified
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جان لیوا حملہ کرنے والے کی شناخت ہوگئی (AP PHOTO)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jul 14, 2024, 3:41 PM IST

واشنگٹن: امریکی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے شوٹر کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے نام کی ہے۔ جو پنسلوانیا کا ہی رہائشی ہے۔ نیویارک پوسٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تھامس میتھیو کروکس ٹرمپ کے اسٹیج سے 130 گز کے فاصلے پر واقع مینوفیکچرنگ پلانٹ کی چھت پر بیٹھا تھا۔

اسے یو ایس سیکریٹ سروس کے اسنائپرز نے گولی مار کر ہلاک بھی کردیا اور وہاں سے ایک اے آر طرز کی رائفل بھی برآمد کی۔ ممکنہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹڑمپ کو گولی مارنے کے پیچھے کے محرکات ابھی واضح نہیں ہیں۔

20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کی سیاسی وابستگیوں کے بارے میں کچھ معلومات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ووٹر آئی ڈی کارڈ کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ کروکس پنسلوانیا میں رجسٹرڈ ریپبلکن تھا۔ اے پی نے انتخابی مہم کے مالیاتی ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ کروکس نے 20 جنوری 2021 کو ایک پروگریسو پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کو 15 ڈالر کا عطیہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بٹلر، پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کو خطاب کر رہے تھے جب ان پر گولیاں چلائی گئیں۔ جس کے بعد یو ایس سیکریٹ سروس کے ایجنٹوں نے ریپبلکن امیدوار کو گھیر کر اسٹیج سے نیچے اتار دیا ۔ان کے چہرے پر خون صاف دکھائی دے رہا تھا اس دوران ٹرمپ نے ہجوم کی طرف اپنی مٹھی اٹھا کر اپنے عزم کا مظاہرہ کیا۔

امریکی خفیہ سروس کے بیان کے مطابق اس حملے میں ریلی میں موجود ایک عام شہری کی موت ہو گئی۔ دوسرا شہری شدید زخمی ہے۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فائرنگ کے چند گھنٹے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گولی ان کے کان کے اوپر لگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی میں چلی گولی، بال بال بچے سابق امریکی صدر

گولی میرے کان کے اوپری حصے میں گھس گئی: ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ پر جان لیوا حملہ: پی ایم مودی اور راہل گاندھی کا اظہار تشویش، کہا 'حملے سے فکر مند ہوں'

ABOUT THE AUTHOR

...view details