پشاور: پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں ہفتہ کو ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنانے والے ایک خودکش حملے میں چھ سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا افغانستان سے متصل قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں اسلم چیک پوسٹ پر ہوا۔
تین پہیہ گاڑی پر سوار حملہ آوروں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں چار پولیس اہلکار، دو فوجی اور دو شہری ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو طویل وقت تک یاد رکھا جائے گا۔ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک کہ خطے سے ان کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا"۔