قندھار: افغانستان کے ہلمند صوبے میں اتوار کو ایک سڑک حادثے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع صوبائی حکومت کے ترجمان مولوی محمد قاسم ریاض نے دی ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ حادثہ آج صبح ضلع گریشک میں اس وقت پیش آیا جب ہرات جانے والی مسافر بس ایک ٹینکر اور ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد بس الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 21 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ ہوسکتی ہے۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دریں اثناء سرکاری خبر رساں ایجنسی بختر نے حادثے میں 21 افراد کی ہلاکت اور 38 زخمیوں کی تعداد بتائی ہے۔ ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے مطابق افغانستان میں گزشتہ 10 ماہ کے دوران سڑک حادثات کے باعث 1600 سے زائد افراد ہلاک اور 4000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔