ہنوئی: روسی صدر ولادیمیر پوتن سرکاری دورے پر ویتنام پہنچ گئے ہیں۔ روسی خبر رساں ایجنسی ٹاس کی رپورٹ کے مطابق پوتن شمالی کوریا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو ہنوئی کے نوئی بائی ایئرپورٹ پر اترے۔ جہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
روسی صدر پوتن نے ویتنام کے نائب وزیر اعظم ٹران ہونگ ہا اور ویتنامی نائب وزیر خارجہ لی تھی تھو ہانگ سے ملاقات کی۔ اپنے دورے کے دوران پوتن چار ویتنام کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جن میں صدر، ملک کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکریٹری، وزیر اعظم اور قومی اسمبلی کے اسپیکر شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وہ سوویت اور روسی یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلباء سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپنے ویتنام کے دورے سے قبل روسی صدر نے شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔ پوتن نے اپنے اس غیر معمولی دورے کے دوران اسے کامیاب اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا۔