واشنگٹن: امریکن یونیورسٹی میں تاریخ کے پروفیسر ایلن لچ مین 1984 سے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کی پیشن گوئی کر رہے ہیں۔ ایسا ماننا ہے کہ لچ مین جس پر بھی داو لگاتے ہیں وہی صدر منتخب ہوتا ہے۔ 1984 سے پروفیسر ایلن لچ نے صدارتی انتخابات کی جیت ہار کی پیشن گوئی میں صرف ایک کے علاوہ سب کی درست پیشین گوئی کی ہے۔
پروفیسر ایلن لچ مین کو امریکہ کے صدارتی انتخابات کا نوسٹراڈیمس کہا جاتا ہے۔ لِچ مین ان گنے چنے لوگوں میں سے ہیں جنھوں نے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ کی ہلیری کلنٹن کے خلاف کامیابی کی درست پیش گوئی کی تھی۔ اس وقت زیادہ تر رائے عامہ کے جائزوں نے اس کے برعکس امکان ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی درست پیشین گوئی کی تھی کہ ٹرمپ کو ان کی صدارت کے دوران مواخذہ کیا جائے گا۔ آپ کو یقین نہیں ہو گا ٹرمپ کے ساتھ ایسا دو دو بار ہوا۔
ایلن لِچ مین نے 120 سال کی امریکی صدارتی تاریخ کی بنیاد پر 1981 میں پیشگوئی کا ایک طریقہ تیار کیا ہے، اِس کے مطابق ان 13 پوائنٹس کا جائزہ لے کر الیکشن سے پہلے ہی دعویٰ کیا جا سکتا ہے کہ اگلا صدر کون ہوگا۔
13 پوائنٹس کی بنیاد پر پروفیسر ایلن لِچ مین کو یقین ہے کہ 2024 کا امریکی الیکشن، ڈیموکریٹک پارٹی کی کملا ہیرس جیتیں گی اور وہ امریکی تاریخ کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔ لچ مین کے 13 پوائنٹس میں وائٹ ہاؤس کی پرفارمنس، وسط مدتی انتخابات، سیاسی جماعتوں کی داخلی سیاست، معیشت، خارجہ پالیسی، اسکینڈلز اور صدارتی اُمیدواروں کی شخصیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔