انقرہ: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ترکیہ اور ایران فلسطینی عوام کے تحفظِ حقوق اور ان کی جدوجہد کی حمایت پر اتفاق رکھتے ہیں۔ سرکاری دورے پر انقرہ میں موجود ایرانی صدر نے ترک صدر کے ہمراہ ترک ایران اعلی سطحی تعاون کونسل کے 8 ویں اجلاس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
رئیسی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملک فلسطین کے حوالے سے مشترکہ نظریات رکھتے ہیں، صدر اردوغان کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے حل اور فلسطینی عوام کے تحفظ حقوق پر مطابقت طے کی گئی ہے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف ترک عوام کا موقف قابل تعریف ہے، ترکیہ سے ایران کے بہترین تعلقات سالوں سے قائم ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان میں مزید پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی کے ساتھ ملاقات سے متعلق بتایا کہ ہم نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ صدر اردوغان نے کہا کہ ہم ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو باہمی اعتماد و مفادات کی بنیادوں پر اہمیت دیتے ہیں، دونوں ملکوں کو دہشت گرد تنظیموں پی کےکے ،وائی پی جی ،پی وائی ڈی اور پی جے اے کے کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا، ہم ایک بار پھر تین جنوری کو کرمان میں ہوئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔