نیویارک: فلسطینی صدر محمود عباس نے جمعرات کو عالمی رہنماؤں کے سامنے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جارہی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے دیگر ممالک سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر نسل کشی کو روکنے کے اقدامات کریں، جبکہ غزہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔
محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل پر سخت تنقید کی۔ محمود عباس تقریر کرنے کےلئے پوڈیم کی جانب جارہے تھے تو ان کا تالیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا اور نعرے لگائے گئے۔ اپنی تقریر شروع کرنے سے پہلے انہوں نے ان الفاظ کو تین بار دہرایا کہ ’ہم نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نہیں چھوڑیں گے‘۔
انہوں نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ غزہ کو تباہ کر کے اسے ناقابل رہائش بنا رہا ہے اور انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد آزاد فلسطینی ریاست پر ان کی حکومت کو حکمرانی کا موقع دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ "فلسطین ہمارا وطن ہے، یہ ہمارے باپ دادا کی سرزمین ہے، یہ ہماری ہی رہے گی اور اگر کوئی وہاں سے نکلتا ہے تو وہ غاصب ہوگا۔"