اسلام آباد: پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو اپنے پہلے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا لیکن ملک کے پڑوسیوں سمیت تمام سرکردہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا عہد بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کسی ’’گریٹ گیم‘‘ کا حصہ نہیں بنے گا اور ان کی حکومت دوستوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک سمیت تمام سرکردہ ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور بہتر بنانے کا عہد کیا۔
72 سالہ شہباز نے کہا کہ ہم آسانی سے قومی اسمبلی کا الیکشن جیت کر دوسری بار پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیے سب اکٹھے ہوں اور قومی اسمبلی کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کے لیے قرارداد پاس کرے۔
انہوں نے مخلوط حکومت میں اپنے اتحادیوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنھوں نے ان پر اعتماد کیا اور انہیں قائدِ ایوان بنایا۔ واضح رہے کہ شہباز شریف، جو مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے متفقہ امیدوار تھے، نے 336 رکنی ایوان میں 201 ووٹ حاصل کیے۔ جبکہ جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔