غزہ: حماس کے مسلح ونگ کے ترجمان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چاہے اسرائیلی جارحیت کتنی ہی طویل رہے اور اس کی شکل کچھ بھی ہو، فلسطینی غزہ کے رفح اور دیگر مقامات پر زمینی جارحیت کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
حماس کے ترجمان ابوعبیدہ نے جنگ بندی کی کوششوں سے متعلق کہا کہ، اپنے لوگوں کے خلاف جارحیت کو روکنے کی ہماری پوری خواہش کے باوجود، ہم دشمن کے خلاف ایک طویل جنگ کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے جنگجو اسرائیل کو غزہ میں ایک ایسی دلدل میں گھسیٹیں گے، جہاں انہیں اپنے سپاہیوں کی موت اور اپنے افسروں کی گرفتاری کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ابو عبیدہ نے اپنے اس بیان پر مزید وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا، وہ ایسا اس لیے نہیں کہہ رہے ہیں کیونکہ وہ ایک عظیم طاقت ہیں، بلکہ اس لیے کہ فلسطینی اس سرزمین کے لوگ اور حقدار ہیں۔
ابو عبیدہ نے سات اکتوبر سے غزہ میں جاری جنگ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حماس نے 100 سے زائد اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں ٹینک، فوجی جہاز اور بلڈوزر شامل ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ، حماس کے جنگجوؤں نے سرنگوں کو اڑا کر، راکٹوں اور مارٹروں سے، اور اسنائپنگ اور قریبی لڑائی کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو جانی نقصان پہنچایا ہے۔