مالے: مالدیپ نے بھارت کی یو پی آئی سروس شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اطلاع صدر محمد معیزو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے مالدیپ کی معیشت کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ کو بھارت کی یو پی آئی سہولت کے ساتھ بہتر مالی لین دین کے علاوہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں مدد ملے گی۔
غور طلب ہے کہ یہ فیصلہ اقتصادی ترقی اور تجارت کے وزیر کی جانب سے کابینہ کے اجلاس میں پیش کیے گئے خط پر مکمل بحث کے بعد کیا گیا۔ بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر معیزو نے مالدیپ میں یو پی آئی شروع کرنے کے لیے ایک کنسورٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر معیزو نے یہ بھی تجویز کیا کہ بینکوں، ٹیلی کام کمپنیوں، سرکاری ملکیتی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ملک میں کام کرنے والی فنٹیک کمپنیوں کو کنسورٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اس کے لیے انہوں نے ٹریڈنیٹ مالدیپ کارپوریشن لمیٹڈ کو کنسورٹیم کی اہم ایجنسی کے طور پر بھی مقرر کیا ہے۔