اردو

urdu

ETV Bharat / international

لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی: بین الاقوامی، حج پروازوں میں تاخیر - Lahore airport fire

علامہ اقبال بین الاقوامی ایئرپورٹ، لاہور میں جمعرات کی صبح آتشزدگی کے سبب سفر حج کے فلائٹ شیڈول میں تبدیلی واقع ہوئی ہے، تاہم آگ کی اس واردات میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

لاہور
علامہ اقبال بین الاقوامی ائرپورٹ، لاہور (اے این آئی)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 9, 2024, 12:09 PM IST

لاہور (پاکستان) :لاہور ہوائی اڈے پر لاؤنج کے علاقے میں آگ لگنے سے افراتفری پھیل گئی اور حج پروازوں سمیت متعدد بین الاقوامی پروازوں میں خلل واقع ہوا۔ ائرپورٹ پر ایمرجنسی حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے نتیجے میں آگ کے شعلوں پر قابو پا لیا گیا اور آگ بجھانے کے عمل میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی بھی شخص یا مسافر کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ تاہم، امیگریشن کاؤنٹر کی چھت پر لگنے والی آگ نے لاؤنج کو دھوئیں سے بھر دیا جس کی وجہ سے مسافروں کا انخلاء کرنا ناگزیر ہو گیا۔

’’آج نیوز‘‘ کے ذریعے نشر کی جانے والی تصاویر میں دھویں سے بھرا لاؤنج دیکھا جا سکتا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا سراغ لگانے کے لیے ایک خصوصی ٹیم کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ ہوائی اڈے کے حکام نے امیگریشن کاؤنٹر کو کافی نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ اس واقعے کا اثر پروازوں کے شیڈول پر بھی مرتب ہوا۔ سفر محمود پر روانہ ہونے والے عازمین سمیت پانچ دیگر بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 629 بھی متاثر ہونے والی پروازوں میں شامل ہے۔

آگ کے سبب امیگریشن عمل میں خلل کے باوجود آنے والی بین الاقوامی پروازیں بغیر کسی تعطل کے لاہور ہوائی اڈے پر لینڈ کی گئیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کا انتظام ڈومیسٹک لاؤنج سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’صبح سویرے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیدا ہوئی صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔ فی الحال، سفر حج سمیت بین الاقوامی پروازوں کو ڈومیسٹک سہولیات کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے، توقع ہے کہ جلد ہی باقاعدہ گھریلو پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:جموں وکشمیر کے عازمین کی روانگی کا سلسلہ آج سے شروع - HAJ 2024

ABOUT THE AUTHOR

...view details