تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینی تحریک حماس کی مکمل شکست تک غزہ پٹی میں لڑائی جاری رکھے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ہفتے کے روز کہا کہ اس مہم میں فلسطینی علاقے کے جنوب میں رفح میں جنگی کارروائیاں شامل ہوں گی۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’’کل میں نے امریکی صدر جو بائیڈن سے بات کی، میں عالمی رہنماؤں سے مضبوطی سے کہتا ہوں کہ اسرائیل رفح میں جنگی کارروائی سمیت مکمل فتح کے لیے لڑے گا۔ جو لوگ ہمیں رفح میں کام کرنے سے روکنا ہیں، وہ اصل میں ہمیں جنگ جیتنے سے روکنا چاہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ رفح میں فوجی آپریشن شہریوں کو محفوظ علاقے میں پہنچانے کے بعد ہی شروع ہوگا۔
وہیں دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ غزہ پٹی میں جنگ بندی کے امریکی مطالبات کے باوجود اسرائیل کو بم، جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشن (جے ڈی اے ایم) گائیڈنس کٹس اور بم فیوز سمیت ہتھیاروں کی ایک نئی کھیپ فراہم کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز اس معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ فراہم کیے گئے ہتھیاروں کی مالیت کروڑوں ڈالر ہے۔