دیر البلاح، غزہ کی پٹی: اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) پر فائرنگ کر دی۔ اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں آخری آئی سی یو کو سروس سے محروم کردیا اور قریبی عمارتوں میں کم از کم آٹھ افراد کو ہلاک کردیا۔
ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ، اسرائیلی ٹینک کی گولہ باری سے آگ لگنے کے بعد فلسطینی طبی عملے نے منگل کو دیر گئے مریضوں کو آئی سی یو سے باہر نکالا۔
انہوں نے کہا، آئی سی یو کے اندر کا منظر جنگی زون جیسا تھا۔ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے بتایا کہ، طبی ماہرین نے کمبل اور اپنے ننگے ہاتھوں سے آگ بجھائی کیونکہ اسپتال میں پانی یا آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ، یہ سمجھ سے باہر ہے کہ ہمیں اس قدر وحشیانہ طریقے سے کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ کمال عدوان اسپتال میں آئی سی یو کی طرف کسی حملے یا فائرنگ کے بارے میں آگاہ نہیں ہے، اور اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ اسپتال کے قریب میں کوئی جھڑپ ہوئی تھی یا نہیں۔