خان یونس، غزہ کی پٹی: اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز غزہ کے ایک ایسے پرہجوم علاقہ پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں جس کو انسانی زون قرار دیا گیا تھا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جن علاقوں کو سیف زون قرار دیا گیا تھا اب اسرائیلی فوج وہاں سے فلسطینیوں کو انخلا کے لیے مجبور کر رہی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے ناصر اسپتال کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز سے انخلاء کے حکم کے بعد، خان یونس کے ارد گرد متعدد اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے ہیں، جس میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ وہ مواسی سمیت خان یونس میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ واضح رہے مواسی وہ علاقہ ہے جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے عارضی خیمہ کیمپ لگا رکھے ہیں، اور ہزاروں فلسطینی خیموں کی تلاش میں ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس علاقہ سے راکٹ فائر کیا گیا ہے جس کے جواب میں انخلاء کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ غزہ کے دوسرے حصوں سے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کے لیے مخصوص علاقے سے ایک ہفتے کے دوران جاری ہونے والا دوسرا انخلاء کا حکم ہے۔ اسرائیل کے خونریز فضائی حملے اور زمینی مہم کے دوران کئی تحفظ کی تلاش میں بھٹک رہے فلسطینیوں کو متعدد بار اکھاڑ پھینکا گیا ہے۔