نئی دہلی: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پیر کو ایک پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے بیچ اتحاد پر زور دیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ہندوستان، غزہ اور میانمار میں مسلمانوں کی 'تکالیف' کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک ٹویٹ میں لکھا ''اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں امت اسلامیہ کے مشترکہ تشخص سے لاتعلق رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ہمیں خود کو مسلمان سمجھنے کا حق نہیں ہے اگر ہم میانمار، غزہ، انڈیا یا کسی اور جگہ مسلمانوں کی تکالیف سے غافل ہوں۔''
ایران کے سپریم لیڈر کے اس بیان پر حکومت ہند کے وزارت خارجہ نے شدید رد عمل دیتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم ایران کے سپریم لیڈر کے ہندوستان میں اقلیتوں کے بارے میں کئے گئے تبصروں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ غلط جانکاری ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ اقلیتوں کے بارے میں تبصرے کرنے والے ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو چیک کریں۔ دوسروں کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے پہلے اپنا ریکارڈ دیکھیں۔"
ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے پیر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں ہندوستان، غزہ اور میانمار کے مسلمانوں کے مَصائِب و آلام کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ "اسلام کے دشمنوں نے ہماری مشترکہ شناخت ایک اسلامی امت کی پہچان کے حوالے سے ہمیشہ ہمیں لاتعلق کرنے کی کوشش کی۔" اسی کے ساتھ انہوں نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش مشکلات و آزمائش پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔