اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پارٹی عمران خان کی طرف سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) لو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی طرف سے ایک خط جاری ہوگا جو آئی ایم ایف کو بھیجا جائے گا۔ آئی ایم ایف سے بات کرنی ہے کہ سپریم کورٹ کی سربراہی میں ایک آزاد آڈٹ ٹیم بیٹھے جو پہلے دھاندلی زدہ عام انتخابات کا آڈٹ کرائے۔
علی ظفر نے کہا کہ الیکشن میں جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے اس کا فیصلہ ہونا چاہیے، اگر دھاندلی کو ختم نہیں کیا جاتا تو آئی ایم ایف کا قرض دینے کا قدم درست نہیں ہوگا، آئی ایم ایف کو آڈٹ کرنا چاہیے کہ ملک میں جمہوریت ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سے دوبارہ ملاقات ہوگئی ہے، ان کو افسوس ہوا عدالتی حکم پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو ملنے نہ دیا گیا، قومی اسمبلی میں جانے سے قبل عمران خان سے ہدایت ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا سب سے بڑا ستون فری اینڈ فیئر الیکشن ہیں، جہاں جمہوریت نہیں وہاں بین الاقوامی ادارے کام کرنا پسند نہیں کرتے، لوگوں کا ووٹ رات کے اندھیرے میں چوری ہوا، 8 فروری کی رات کو ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو صبح ہروایا گیا۔