غزہ: غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد سے "شفا میڈیکل کمپلیکس" کا نام خبروں کی سرخیوں سے غائب نہیں ہوا۔ خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے اس کمپلیکس میں حماس کے ارکان کی موجودگی کے الزامات کے بعد اس کی جانب توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔ دھاوں اور حملوں کے ایک سلسلے کے بعد اسرائیلی فوج نے اعلان کردیا ہے کہ اس نے کمپلیکس میں کئی افراد کو مار دیا ہے۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے اس نے کمپلیکس میں کی گئی کارروائیوں کے دوران حماس کے سینئر رہنماؤں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے یہ بات سوشل میڈیا پر بتائی ہے۔
العربیہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں متعدد کارروائیاں کی ہیں جس میں اس کے دعوے کے مطابق درجنوں فلسطینی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں الامل کے علاقے میں دیگر عسکریت پسندوں کو بھی مار دیا گیا ہے۔
تاہم حماس نے ابھی تک اسرائیل کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حماس نے اپنے کسی رہنما کے شہید ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اس سے قبل پیر کو بھی اسرائیل نے شفا ہسپتال میں اسی طرح کی کارروائیاں کی تھیں اور 90 فلسطینیوں کو مار ڈالنے اور 160 دیگر افراد کو گرفتار کرنے کا کہا تھا۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے اہلکار شفاء ہسپتال کے علاقے میں جنرل سکیورٹی سروس کے ساتھ لڑ رہی ہیں۔