غزہ: حماس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں تنازعہ ختم کرنے کے لیے اپنی بالواسطہ بات چیت کے دوران تین ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز حماس تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کے چوتھے قدم کے طور پر فلسطینی قیدیوں کی رہائی چاہتی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تازہ تجویز کا مثبت ابتدائی جواب دیا ہے، جس کا آغاز چھ ہفتے تک لڑائی ختم کرنے سے ہوگا اور اس میں حماس کے زیر حراست درجنوں یرغمالیوں کی رہائی بھی شامل ہے۔ جنوری کے اواخر میں پیرس میں اسرائیل، امریکہ، مصر اور قطر نے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کیا تھا۔ حماس نے کہا کہ اسے ایک مسودہ موصول ہوا ہے اور اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔