دیر البلاح، غزہ کی پٹی: وسطی غزہ میں اسرائیل نے فضائی حملے کیے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، ان حملوں میں بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شمالی غزہ میں ایک اسپتال پر بمباری میں نصف درجن مریض زخمی ہوئے ہیں۔
قریبی شہر دیر البلاح میں الاقصی شہداء اسپتال کے مطابق، اتوار کی سہ پہر مہاجر کیمپ میں ایک فضائی حملہ کیا گیا۔ ایک رہائشی عمارت کو ٹارگیٹ کر کے یہ حملہ کیا گیا۔ان حملوں میں چھ بچوں اور ایک خاتون سمیت کم از کم نو افراد جاں بحق ہو گئے۔
الاقصیٰ شہداء اسپتال نے بتایا کہ اس سے قبل اتوار کے روز، ایک اور اسرائیلی حملے میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک خیمے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں والدین اور ان کے دو بچوں سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
وزارت صحت کے مطابق، شمالی غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال کو بمباری سے نشانہ بنایا گیا جس میں چھ مریض زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ غزہ شہر کے شمال میں سب سے بڑا اسپتال ہے۔
غزہ کی وزارت صحت نے اسپتالوں، مریضوں اور طبی عملے کے لیے بین الاقوامی تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت نے اسپتالوں میں محفوظ راستہ، مزید طبی سامان، ایندھن اور زخمیوں کے محفوظ انخلاء پر بھی زور دیا ہے۔