غزہ:غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہزار 151 ہو گئی ہے۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے پیر کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔
وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 54 فلسطینی جاں بحق اور 104 زخمی ہوئے۔ اس سے اسرائیل اور حماس کے تنازع کے آغاز سے اب تک ہلاکتوں کی کل تعداد 34151 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 77084 ہوگئی ہے۔
یان میں کہا گیا ہے کہ ملبے کے نیچے اور سڑک کے کنارے اب بھی لوگوں کی لاشیں موجود ہیں لیکن اسرائیلی فوجیوں کی رکاوٹ کے باعث طبی ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار لاشوں تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل کی سرحد سے حماس کے حملے کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کے لیے اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف بڑے پیمانے حملہ شروع کیا۔ حماس کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا۔
دوسری جانب غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ سے مزید 130 لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔ غزہ کے شہر خان یونس کے نصر میڈیکل کیمپ میں کل فلسطینی سول ڈیفنس نے ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس سے ابتدائی طور پر 50 لاشیں نکالی گئی تھیں اور مزید لاشوں کی تلاش جاری تھی۔
رپورٹس کے مطابق اجتماعی قبر اسرائیلی فوج کے 7 اپریل کو خان یونس شہر سے نکل جانے کے بعد دریافت ہوئی، شہر کا زیادہ تر حصہ اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری اور حملوں کے نتیجے میں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔