غزہ: غزہ کی پٹی پر 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار 900 ہو گئی ہے۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے 117 دنوں سے جاری حملوں کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔
وزارت نے غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 فلسطینیوں کو جاں بحق اور 313 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہزار 900 اور زخمیوں کی تعداد 65 ہزار 949 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ملبے کے نیچے اور سڑک کے کنارے اب بھی لاشیں موجود ہیں اور طبی ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار اسرائیلی فورسز کی رکاوٹ کی وجہ سے ان لاشوں تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔