واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز خبردار کیا کہ اگر وہ اس سال کے آخر میں ہونے والے انتخابات میں منتخب نہیں ہوئے تو ملک میں 'خونریزی' ہوگی۔ پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق اوہائیو کے ڈیٹن کے قریب ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ 'اب اگر میں منتخب نہیں ہوا تو خونریزی ہونے والی ہے۔ یہ ملک کے لیے خون خرابہ ہونے والا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرمپ کے تبصرے کا اصل مطلب کیا تھا، کیونکہ سابق امریکی صدر آٹوموبائل انڈسٹری کے بارے میں شکایت کر رہے تھے۔ ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو چین امریکہ میں کوئی گاڑی فروخت نہیں کر سکے گا۔ نومبر میں ہونے والے ممکنہ صدارتی انتخابات سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن کی 'خراب کارکردگی' بتانے کے لیے ٹرمپ اکثر ملک کے 'خراب حالات' کا حوالہ دیتے ہیں۔
چھ جنوری 2021 کو کیپیٹل پر ہونے والے حملے کے بعد 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج کو الٹنے کی مبینہ کوششوں کے سلسلے میں انہوں نے جن سنگین الزامات کا سامنا کیا تھا اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہ اکثر سخت الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران اکثر 6 جنوری کے واقعات کا ذکر کتے ہیں اور وہ اب بھی 2020 کے انتخابات کی مذمت کرتے ہیں جس میں وہ ہار گئے تھے۔