ٹورنٹو:غزہ میں اپنے کچھ عملے کے خلاف اسرائیلی الزامات کے بعد فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کی امریکہ سمیت مغربی ممالک نے کروڑوں ڈالر کی امداد بند کر دی ہے۔ پابندی کے چند ہفتوں بعد کینیڈا ایجنسی کے فنڈز کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کینیڈا ان 16 ممالک میں سے ایک تھا جنہوں نے انروا کے لیے مستقبل کی ادائیگیوں کو عارضی طور پر روک دیا۔
کینیڈا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر احمد حسین نے کہا کہ اسرائیل کے الزامات کی اقوام متحدہ کی تحقیقات سے عبوری رپورٹ موصول ہونے کے بعد کینیڈا کو یقین دلایا گیا ہے۔ حیسن نے کہا کہ، "کینیڈا انروا کو اپنی فنڈنگ دوبارہ شروع کر رہا ہے تاکہ فلسطینی شہریوں کی فوری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے مزید کچھ کیا جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ، کینیڈا انروا کے کچھ عملے کے خلاف الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لینا جاری رکھے گا اور ہم انروا اور اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔ کینیڈا کی حکومت بدھ کو اس فیصلے کا اعلان کرنے والی تھی لیکن اس نے جمعہ تک اس میں تاخیر کر دی۔ کینیڈین حکومت اپریل میں انروا کو 25 ملین کینیڈین ڈالر کا حصہ ٹرانسفر کرنے والی ہے۔
کینیڈا ایک لاکھ کینیڈین ڈالر (74,000 امریکی ڈالر) اردن ہاشمائٹ چیریٹی آرگنائزیشن کو بھی بھیجے گا جس میں خوراک اور کمبل شامل ہیں جو علاقے میں پہنچائے جائیں گے۔ کینیڈین فوج 300 کارگو پیراشوٹ بھی اردن بھیجے گی تاکہ ضروری سامان کے ایئر ڈراپس میں مدد ملے۔