ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں 30 فیصد ریزرویشن کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پر روک لگا دی ہے، لیکن اس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا ہے۔
عدالت نے 93 فیصد نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر دینے کا حکم دیا ہے جبکہ 5 فیصد ان مجاہد آزادی کے بچوں کے لیے مختص رہیں گی جنہوں نے 1971 کی جنگ آزادی میں پاکستان کے خلاف جنگ لڑی تھی اور باقی دو فیصد نسلی اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر اور معذور افراد کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے 2018 میں کوٹہ سسٹم کو ختم کر دیا تھا، لیکن ہائی کورٹ نے اسے گزشتہ ماہ بحال کر دیا، جس سے ملک بھر میں مہلک مظاہرے پھوٹ پڑے اور حکومت کو کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ مظاہرے میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔