حیدرآباد : بنگلہ دیش میں نو تشکیل شدہ عبوری حکومت نے ہندو برادری پر زور دیا ہے کہ وہ نماز اور اذان کے دوران درگا پوجا سے متعلق سرگرمیوں، خاص طور پر موسیقی بجانے کو بند کردیں۔ امور داخلہ کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد جہانگیر عالم چودھری نے کہا کہ پوجا کمیٹیوں نے درخواست پر اتفاق کیا ہے۔ محمد جہانگیر عالم چودھری نے کہا کہ پوجا کمیٹیوں سے کہا گیا کہ وہ نماز اذان کے دوران موسیقی اور ساؤنڈ سسٹم کو بند رکھیں جس پر انہوں نے اتقاق کرلیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق چودھری نے کہا کہ ’نماز کی ادائیگی کے دوران اس طرح کی سرگرمیاں بند ہونے کی ضرورت ہے اور اذان سے پانچ منٹ قبل وقفے پر عمل کرنا ہوگا‘۔ انہوں نے یہ اعلان ملک میں ہندو برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار درگا پوجا سے قبل ملک میں امن و امان کی صورتحال پر منعقدہ ایک اجلاس کے بعد کیا۔ وہیں ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق چودھری نے یہ بھی کہا کہ اس سال ملک بھر میں کل 32,666 پوجا منڈپ بنائے جائیں گے۔ ان میں سے 157 منڈپ ڈھاکہ ساؤتھ سٹی میں اور 88 نارتھ سٹی کارپوریشنز میں ہوں گے۔ گذشتہ سال پوجا منڈپ کی تعداد 33,431 تھی جبکہ اس سال یہ تعداد بڑھ گئی ہے۔