ادیس ابابا: جنوبی ایتھوپیا کے مقامی حکام کے مطابق سڑک حادثے میں کم از کم 71 افراد ہلاک ہوگئے۔ علاقائی کمیونیکیشن بیورو نے اتوار کو دیر گئے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں کو لے جانے والا ٹرک ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 300 کلومیٹر (186 میل) جنوب میں، سداما ریاست میں دریا میں گر گیا۔
ایک فیس بک پوسٹ میں، سداما پولیس کمیشن ٹریفک پریوینشن اینڈ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے چیف انسپکٹر ڈینیل سنکورا کے حوالے سے کہا کہ، حادثے میں اب تک 68 مرد اور تین خواتین ہلاک ہو چکے ہیں۔ سداما کی علاقائی حکومت کے ترجمان ووسینلہ سمیان نے بھی خبر رساں ادارے روئٹرز کو 71 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی۔ ووسینلہ نے پیر کو کہا کہ پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ شدید زخمیوں کا بونا جنرل اسپتال میں علاج جاری ہے۔
اتوار کی رات دیر گئے اپنے بیان میں علاقائی کمیونیکیشن بیورو نے مرنے والوں کی تعداد 60 بتائی، مزید کہا کہ زندہ بچ جانے والے بونا جنرل اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سداما ریجنل ہیلتھ بیورو کی طرف سے شیئر کی گئی دھندلی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ ایک گاڑی کے گرد ہجوم کئے ہوئے ہیں، جو جزوی طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، اور کئی لوگ اسے پانی سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیورو کی طرف سے شیئر کی گئی دیگر تصاویر میں لاشیں دکھائی دے رہی ہیں۔